بہتر حکمت عملی اپنا کر کپاس کی فصل کو گلابی سنڈی سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے: محکمہ زراعت
ملتان (نامہ نگار خصوصی) نظامت زرعی اطلاعات پنجاب کے مطابق کاشتکارکپاس کی آخری چنائی کے بعد کھیتوں میں بھیڑ بکریاں چرائیں تاکہ کچے ٹینڈے جانوروں کی خوراک بن سکیں اور گلابی سنڈی کے لاروے کا خاتمہ ہو سکے۔ جن علاقوں میں کپاس کی چنائی کا عمل جاری ہے وہاں پھٹی کی صاف اور آلائشوں سے پاک چنائی پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ کپاس کی بہتر قیمت مل سکے۔ کپاس کی فصل پر گلابی سنڈی کے حملہ کے پیش نظر موسم سرما کے دوران موثر حکمت عملی اپنا کر آئندہ کپاس کی فصل کو گلابی سنڈی کے نقصان سے بچایا جا سکتا ہے۔گلابی سنڈی نومبر میں سرمائی نیند کی حالت میں چلی جاتی ہے اور موسم سرما، جڑے ہوئے بیجوں، چھڑیوں پر بچے کھچے ٹینڈوں اور جننگ فیکٹریوں کے کچرے میں خوابیدہ حالت میں گزارتی ہے۔