نایاب عمرانی کیس‘ کمشن جائیداد فروخت کرکے متاثرین کو رقم ادا کرے‘ سپریم کورٹ
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ میں نایاب عمرانی از خود نوٹس کی سماعت ، عدالت معاملے پر قائم کمیشن کی رپورٹ کے مطابق حکم دیا ہے کہ معاملے پر قائم کمیشن جائیدادیں فروخت کرکے متاثرین نایاب علی کو رقم ادا کرے جبکہ کیس کی سماعت چار ہفتوں تک ملتوی کردی ہے۔جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے عدالت کو بتایا کہ ملزم شاہد علی نے ضمانت قبل ازگرفتاری کرائی ہوئی ہے، ایک ملزم گرفتار ہو گیا ہے، جبکہ دو ملزمان بری ہو چکے ہیں۔ وکیل نایاب عمرانی نے کہا کہ شفقت عمرانی تا حال گرفتار نہیں ہو سکا ۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ شفقت عمرانی سندھ میں ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ایس پی جیکب آباد سے استفسارکیا کہ شفقت عمرانی ابھی تک گرفتار کیوں نہیں ہوا؟ایس پی نے جواب دیا کہ انشا اللہ شفقت عمرانی کو جلد گرفتار کر لیں گے ایک ڈیڑھ ماہ کا وقت دے دیں۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہڈیڑھ ماہ نہیں 15 دن میں شفقت عمرانی کو گرفتار کریں،پندرہ دن میں سیشن جج نصیرہ آباد شاہد علی کے معاملے کو نمٹائے۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ سندھ میں دو مقدمات تھے جن میں 6 نامزد ملزمان تھے، چار نامزد ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں جبکہ ایک ملزم بلوچستان میں مارا گیا ہے، ایک ملزم شفقت عمرانی تاحال گرفتار نہیں ہوا۔ وکیل نایاب عمرانی نے کہا کہ نایاب عمرانی کا پورا خاندان مارا جا چکا ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ نایاب عمرانی کے تمام مقدمات کو اسلام آباد منتقل کیا جائے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ یہ کیسیز اسلام آباد منتقل نہیں کر سکتے سارے ریکارڈ اسلام آباد منتقل کرانا پڑے گا، پولیس نایاب عمرانی کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرے۔نایاب عمرانی کے وکیل نے کہا کہ جو جائیدادیں نایاب عمرانی کے نام ہو چکی ہیں ان کا قبضہ نایاب عمرانی کو دے دیا جائے، عدالت کمیشن مقرر کرکے ان جائیدادوں کو فروخت کر کے رقم نایاب عمرانی کو دے، عدالت نے کمیشن منظور کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کمیشن جائیدادیں فروخت کرکے رقم نایاب عمرانی کو دے،کیس کی سماعت چار ہفتوں کے لیے ملتوی کردی گئی ۔