مشترکہ مفادات کونسل پانی چوری کے مسئلہ پر اہم فیصلہ کریگی‘ سیکرٹری
اسلام آباد (نامہ نگار) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آبی ذخائر میں بلوچستان کا پانی چوری ہونے پر سیکرٹری آبی وسائل نے بتایا کہ مشترکہ مفادات کونسل آئندہ اجلاس میں صوبوں کے پانی چوری کے مسئلے پر اہم فیصلہ کرے گی، کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ واپڈا نے نولنگ ڈیم کا پی سی ون27ارب اور بلوچستان حکومت نے23ارب رو پے کا بنایا ہے، نولنگ ڈیم پر ایشین ڈولپمنٹ بینک بھی فنڈنگ کرنے کیلئے تیار ہے، صوبوں کے درمیان پانی چوری کا مسئلہ مشترکہ مفادات کونسل میں حل ہوجائے گا،پانی چوری روکنے کیلئے اہم مقامات پر جدید میٹر نصب کر رہے ہیںجس سے ہر صوبے کو اس کے حصے کا پانی ملے گا، کمیٹی نے نولنگ ڈیم کی قیمت کا تعین کرنے کیلئے تین رکنی کمیٹی بنا دی جو واپڈا اور بلوچستان حکومت کے پی سی ون کا جائزہ لیکر45دن میں رپورٹ پیش کرے گی۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر شمیم آفریدی نے کہا کہ سندھ پانی کی کمی کا شور سب سے زیادہ مچاتا ہے لیکن بلوچستان کا سب سے زیادہ پانی سندھ استعمال کر رہا ہے اس کو روکناہوگا اور بلوچستان کو اس کے حصے کا پانی فراہم کرنا ہوگا۔