آئی ایم ایف کا نجکاری پروگرام کی سست روی پر تحفظات کا اظہار
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان پیکیج کے امور پر بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ روز آئی ایم ایف کی ٹیم کو نجکاری‘ سرکاری تحویل کے سرکاری اداروں کی کارکردگی‘ پاور سیکٹرکے معاملات پر بریفنگ دی گئی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف نے ملک کے نجکاری پروگرام پر عملدرآمدکو سست روی پر تحفظات ظاہرکئے۔ ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے مشن کو بتایا گیا کہ سات اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں پیشرفت کی جائے گی۔ سرکاری تحویل کے کاروباری اداروں کی کارکردگی پر بھی بات چیت ہوئی۔ مشن نے ان اداروں کے نقصانات کو ختم کرنے پر زور دیا۔ پاور سیکٹرکے حوالے سے بات چیت میں مشن نے گردشی قرضے کے ایشوکو اٹھایا اور اس کے حل پر زور دیا۔ بجلی کے سیکٹر نقصانات پر تشویش ظاہرکی۔ مشن نے کہا کہ بجلی کے بقایا جات کی وصولی کے میکنزم کو موثر بنایا جائے۔ توانائی کے سیکٹرکے ایشوزکو حل کرنے کا پلان مرتب کیا جائے۔ وفد کوبتایا گیا کہ بجلی کی چوری کی روک تھام پرکام ہو رہا ہے۔ سبسڈیز میں بھی کمی لائی گئی ہے۔