شاہینوں کا شاندار کھیل‘ نیوزی لینڈ کو دوسرا ون ڈے ہرا کر سیریز برابر کر دی
کراچی (اسپورٹس رپورٹر ) تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی اور یہ 13میچز کے بعد پہلی کامیابی ہے۔ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنائے جب کہ گرین شرٹس نے 41 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کرلیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا لیکن 54 کے مجموعی اسکور پر امام الحق کیوی بولر فرگوسن کا خطرناک باؤنسر سر پر لگنے سے زخمی ہو کر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔امام الحق کے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے بعد فخر زمان 88رنز اور بابر اعظم 46رنز بنا کر آوٹ ہوئے، پاکستان کی وکٹیں وقتاً فوقتاً گرتی رہیں لیکن پاکستانی بلے بازوں نے میچ پر گرفت بنائے رکھی۔ میچ کے آخری مراحل میں چوتھی وکٹ اس وقت گری جب سرفراز احمد 13 رنز بنا کر سودھی کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔۔قبل ازیں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کولن منرو اور جارج وارکر نے اننگز کا آغاز کیا۔پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے باعث 4 کیویز بلے باز 16 ویں اوور میں 73 رنز پر پویلین لوٹ گئے لیکن اس کے بعد راس ٹیلر اور ہنری نکولس کے درمیان 45 رنز کی اچھی شراکت قائم ہوئی۔نیوزی لینڈ کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نکولس تھے جو 33 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ایک طرف کیوی بلے بازوں کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا لیکن دوسری جانب ان فارم راس ٹیلر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسہ جاری رکھا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے رہے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کراتے ہوئے 38 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ حسن علی کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔ محمد حفیظ اور شاداب خان نے بھی ایک ایک کھلاڑی کا شکار کیا۔آج کے میچ کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جب کہ قومی ٹیم میں جنید خان کی جگہ فہیم اشرف کو شامل کیا گیا ہے، وہ ٹخنے کی انجری کا شکار ہیں۔