مالی بحران‘ آئندہ ماہ 6 ملکی انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ کی میزبانی خطرے میں پڑ گئی
لاہور(اسپورٹس رپورٹر)فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے آئندہ ماہ پاکستان میں شیڈول 6 ملکی انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ کی میزبانی ایک بار پھر خطرے میں پڑ گئی،پی ایچ ایف کی جانب سے حکومت کومتعدد بار فنڈز کے اجراء کی درخواستیں دی گئیں تاہم اس پر پیشرفت نہ ہو سکی ۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ اگر آئندہ چند روز میں فنڈز نہ ملے تو 17 سے 28 دسمبر تک ہونے والا انٹرنیشنل ٹورنامنٹ ملتوی ہونے کا امکان ہے۔اس سے پہلے بھی ٹورنامنٹ ایک بار پھر ملتوی ہو چکا ہے ۔گزشتہ ماہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی طرف سے پی ایچ ایف کو باقاعدہ آگاہ کیا گیا ہے کہ چارٹیموں نے ایونٹ کے لئے تصدیق کر دی ہے جبکہ مزید 2 ٹیمیں بھی پاکستان آنے کو تیار ہیں۔ ایونٹ میں پاکستان کے علاوہ اومان، قطر، بنگلہ دیش، سری لنکا، قازقستان اور افغانستان کی ٹیموں کی پاکستان آمد شیڈول ہے۔