پوری قوم کو ہو شیا ر اور بیدار رہنا ہوگا ، سراج الحق
پشاور(بیورورپورٹ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حیرت کی بات ہے کہ اسمبلی میں لڑنے ، ایک دوسرے کو چور چور کہنے اور دست و گریبان جماعتیں پارلیمنٹ کے اندر آسیہ کی رہائی کے حق میں ایک ہو گئی ہیں آئین کی حفاظت کیلئے اب قوم کو بھی متحد ہونا پڑے گا حکمران قیام پاکستان کیلئے دی جانے والی قربانیوں کو عملاً ضائع کرنے پر تلے ہوئے ہیں حکمران بتائیں کہ ہندوستان اور پاکستان کے سیاسی معاشی اور تعلیمی نظام میں کیا فرق ہے۔ ہندوستان میں مسلمانوں کو جو مذہبی آزادی حاصل ہے ، وہی پاکستان کے مسلمانوں کو حاصل ہے۔شریعت کے نفاذ اور نظام اسلام کے نعرے پر عمل نہیں ہورہا جو پاکستان کے قیام کی بنیاد ہے۔دین اور ناموس رسالتؐ کے خلاف اکٹھی ہونے والی جماعتوں کا اصل چہرہ قوم کے سامنے آگیاہے لوگ سپریم کورٹ کے فیصلے سے مطمئن نہیں ہیں ۔ حکومت پورے کیس پر نظر ثانی کے لیے اقدامات کرے اور آسیہ کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے ان خیالات کااظہار انہوںنے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حضرت محمدؐسے عقید ت و محبت او ر شان رسالت ؐ کی حفاظت آئین پاکستان کا تقاضا ہے پہلے بھی بعض قوتوں نے پارلیمنٹ کے حلف نامے میں تبدیلی کی کوشش کی تھی ، پوری قوم کو بیدار اور ہوشیار رہنا ہوگا ۔ جب تک حکومت خود مدعی نہ بن جائے ، عوام سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوں گے ۔
سراج الحق