احسن اقبال کو مسلم لیگ کا سیکرٹری جنرل بنانے کی تجویز پر غور
اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ احسن اقبال کو مسلم لیگ (ن) کا سیکرٹری جنرل بنانے کی تجویز زیرغور ہے۔ عام انتخابات میں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے ارکان کے خلاف سخت انضباطی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایک ماہ کے دوران مسلم لیگ (ن) کا مرکزی ڈھانچہ مکمل ہو جائے گا۔ اس بات کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جو جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں شہباز شریف کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں احسن اقبال‘ امیر مقام‘ رانا تنویر حسین‘ خواجہ آصف‘ خواجہ سعد رفیق‘ محمد زبیر عمر‘ عبدالخالق وضی‘ حفیظ الرحمنٰ‘ مشاہد اﷲ‘ مرتضیٰ جاوید عباسی‘ رانا ثناء اﷲ مریم اورنگزیب‘ مصدق ملک اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میاں شہباز شریف اور دیگر مسلم لیگی رہنماؤں کے خلاف نیب کی کارروائیوں سے عوام کو آگاہ کرنے کے لئے پورے ملک میں مہم شروع کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق چاروں صوبوں‘ آزاد جموں و کشمیر ‘ گلگت وبلتستان میں 60 روز کے اندر تنظیمی ڈھانچہ مکمل کیا جائے گا۔ مسلم لیگ کا ڈویژنل سطح پر بھی ڈ ھانچہ مکمل کیا جائے گا۔ مرکزی و صوبائی سیکرٹریٹ قائم کئے جائیں گے۔ ضلعی و تحصیل سطح پر سٹرکچر قائم ہونے کے بعد رکنیت سازی مہم شروع کی جائے گی اور دو ماہ میں رکنیت سازی مکمل کر کے نئی جنرل کونسل بنائی جائیگی۔
احسن اقبال/ تجویز