مانسہرہ، ناران، جھال کنڈ سے چلاس کی 4 لین کی موٹروے بنانے کا فیصلہ

May 10, 2025

اسلام آباد (نمائندہ  خصوصی) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت این15 (مانسہرہ، ناران، جھال کنڈ تا چلاس) موٹروے منصوبے پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں عالمی معیار کی 235 کلومیٹر طویل، چار لین موٹروے تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ منصوبے پر دن رات کام کیا جائے اور اس کی جلد شروعات کو یقینی بنایا جائے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ عالمی معیار کی 235 کلومیٹر طویل شاہراہ بنائیں گے، دن رات محنت سے کام کریں، موٹروے کو جلد شروع ہونا چاہئے، موٹروے پر سیاحوں کی ضروریات کو مد نظر رکھیں، این 15 کی موٹروے کے راستے میں ریسٹ ایریاز بھی بنائے جائیں۔وفاقی وزیر نے این ایچ اے کو ہدایت کی کہ ایمرجنسی ڈیکلئیر کی جائے اور  تاخیر برداشت نہیں ہو گی اگر عوام سے ٹول لیا جائے گا تو انہیں بہترین سروسز بھی فراہم کرنا ہوں گی۔ اس سلسلے میں انہوں نے ٹول چارجز کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔اجلاس میں مانسہرہ، ناران، جھال کنڈ سے چلاس کی 4 لین کی موٹروے بنانے کا فیصلہ  کیا گیا اور عبدالعلیم خان نے کہا کہ مانسہرہ، کاغان وناران اہم ترین منصوبہ ہے، مزید وقت نہیں ملے گا۔وفاقی وزیر مواصلات نے این ایچ اے افسران کو خصوصی ٹاسک سونپتے ہوئے کہا کہ ٹائم لائن طے کریں اور تعمیراتی منصوبوں کو بروقت مکمل کریں، ۔وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چئیرمین این ایچ اے نے خصوصی اجلاس کو بریفنگ بھی دی ۔

مزیدخبریں