اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ غریب اور متوسط طبقے کی مالی مشکلات میں کمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے گزشتہ روز جاری بیان کے مطابق وفاقی بجٹ 26۔2025 کی تیاری کے حوالے سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں نجی شعبے سے تعلق رکھنے والی ممتاز کاروباری شخصیات اور ماہرین سے بجٹ پر مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے حکومت اور نجی شعبے کو مل کر کام کرنا ہے۔ آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینا اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے وفاقی بجٹ کی تیاری میں برآمدات پر مبنی پائیدار ترقی پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صنعتوں کے فروغ اور پیداوار میں اضافے کے لئے منصوبوں پر کام کیا جائے۔ نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت دے کر عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔ وفاقی بجٹ تیار کرتے ہوئے نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں اور ہاؤسنگ کے شعبوں پر بھرپور توجہ دی جائے کیونکہ ان تمام شعبوں میں بے حد استعداد موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبوں کا فروغ آئندہ بجٹ میں حکومتی ترجیح ہو گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاور سیکٹر میں حکومتی اصلاحات کے مثبت نتائج آرہے ہیں۔ صنعتوں کے لئے بجلی کی قیمتوں میں کمی صنعت و پیداوار کے فروغ کی جانب ایک اہم اقدام ہے۔ حکومتی نظام کو شفاف بنانے، کاروباری برادری، سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے آٹومیشن اور ڈیجیٹائزیشن کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ وفاقی حکومت کے حجم کو کم کرنے کے حوالے سے رائٹ سائزنگ کا عمل آئندہ مالی سال میں بھی جاری رکھا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجٹ تیاری کے حوالے سے نجی شعبے سے مشاورت کا عمل گزشتہ تین ماہ سے جاری ہے۔ بجٹ کی تیاری کے حوالے سے معیشت کے مختلف شعبوں سے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورتی سیشنز کئے گئے ہیں۔ 30۔2025 تک کا پانچ سالہ ٹریڈ پالیسی فریم ورک جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ ای کامرس 2.0 فریم ورک بھی تکمیل کے قریب ہے۔ اس کے علاوہ ٹیرف ریشنلائزیشن کے حوالے سے بھی لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے۔ کاروباری شخصیات اور ماہرین کے وفد نے حکومتی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنی اپنی تجاویز دیں۔ وزیراعظم نے نجی شعبے سے تعلق رکھنے والی ممتاز کاروباری شخصیات اور ماہرین کی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور ان کی قابل عمل تجاویز کو بجٹ میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزہ فاطمہ، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد لغاری، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسروں نے شرکت کی۔ دنیا بھر کی مسیحی برادری کو پوپ لیو چہاردہم کے انتخاب پر مبارکباد دی ہے۔ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ تاریخی لمحہ دنیا بھر کی کروڑوں افراد کے لئے امید اور توقعات کا نیا باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسیحی برادری کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور انہیں فروغ دینے کا عزم کرتا ہے۔ پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور امن اور انسانی وقار کے پرامن فروغ کے مشترکہ مقاصد کے لئے پرعزم ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رکن قومی اسمبلی محمد خان ڈاہا سے ان کے والد سابق صوبائی وزیر، رکن پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے رہنما حاجی عرفان احمد خان ڈاہا کی رحلت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے محمد خان ڈاہا کو فون کیا اور ان کے مرحوم والد کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے مرحوم کیلئے مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لئے صبر و استقامت کی دعا کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حاجی عرفان احمد خان نے بطور سیاسی کارکن عوامی فلاح کے لئے قابل قدر خدمات سر انجام دیں۔ میری تمام تر ہمدردیاں مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم نے مالی سال 2025 کے پہلے 10 ماہ میں ترسیلات زر میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 31 فیصد اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جولائی 2024ء تا اپریل 2025ء ترسیلات زر 31.2 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی حب الوطنی اور ملکی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت کی ترقی میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کی ترقی کے لیے پر عزم ہے۔
بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف اولین ترجیح: وزیراعظم
May 10, 2025