پاکستانیوں کا مورال بہت بلند، واشنگٹن پوسٹ: فوج نے بھارتی تکبر کے پرخچے اڑا دیئے، ٹیلی گراف

May 10, 2025

لندن‘ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی  اخبار واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ بھارت میں بے چینی پیدا ہوگئی ہے اور پاکستان میں لوگوں کا مورال بہت بلند ہے۔ یہ سمجھنا مشکل ہے کہ پاکستان بھارت تنازعہ آگے کیا رخ اختیار کرے گا، لیکن  بھارت میں بے چینی پیدا ہوگئی ہے۔ بھارت میں 21 ائیرپورٹس کم سے کم ہفتے تک بند کردیے گئے ہیں جبکہ بھارت کے کئی شمالی اور مغربی شہروں میں جمعرات کو بجلی بند رہی۔ بھارت کی مشرقی ریاست پنجاب کے علاقے گرداس پور میں جمعرات کو مکمل بلیک آؤٹ رہا اور راجستھان میں سرحدی علاقوں کے سکول بند رہے۔ دوسری جانب ماہرین کے حوالے سے امریکی اخبار نے بتایا کہ پاکستان میں لوگوں کا مورال بہت بلند ہے۔ پاکستانی فوج کی جوابی کارروائی کو سراہا جارہا ہے۔ بعض لوگ سڑکوں پر جشن منارہے ہیں۔  پاکستانی شہری چاہتے ہیں کہ بھارتی حملے کے سبب بھرپور انتقامی کارروائی کی جائے۔ امریکی حکام نے واضح کیا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف ایف 16استعمال نہیں کیا۔ علاوہ ازیں پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی تکبر کے پرخچے اڑا دیئے۔ برطانوی اخبار ٹیلی گراف بھی افواج پاکستان کی کارکردگی کا معترف ہے۔ ٹیلی گراف لکھتا ہے کہ رافیل طیاروں کی تباہی بھارت کیلئے تضحیک آمیز اور خطے میں گیم چینجر ہے۔ پاکستان نے بھارتی رافیل گرا کر دنیا کے عسکری ماہرین کو حیران و پریشان کر دیا۔ بھارتی طیارے رافیل گرا کر پاکستان نے فضاؤں میں اپنی برتری ثابت کر دی۔ بھارت پہلگام واقعے کے بعد اپنے لئے طیارے خریدتا رہا۔ پاکستان نے چین سے خاموش ٹیکنالوجی حاصل کی۔ چینی ساختہ پاکستانی جیٹس اور فرانسیسی ساختہ بھارتی رافیل لڑاکا طیاروں کے درمیان فضائی جھڑپ کا قریب سے جائزہ لیا جائے گا اور اس کے ذریعے افواج معلومات حاصل کرنے کی کوششیں کریں گی جو مستقبل کے تنازعات میں برتری فراہم کرسکتی ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 2 امریکی اہلکاروں نے بتایا ہے کہ ایک چینی ساختہ پاکستانی لڑاکا طیارے نے بدھ کو کم از کم 2 بھارتی طیاروں کو مار گرایا، جو بیجنگ کے جدید لڑاکا طیارے کے لیے ایک ممکنہ بڑی کامیابی کی نشاندہی کرتا ہے۔ یہ فضائی جھڑپ فوجوں کے لیے پائلٹوں، جنگی طیاروں اور ہوا سے ہوا میں مار کرنے والے میزائلوں کی کارکردگی کا مطالعہ کرنے کا ایک نایاب موقع ہے، اور ایسی معلومات کا استعمال اپنی فضائیہ کو جنگ کے لیے تیار کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ ایک امریکی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس بات کا خوب یقین ہے کہ پاکستان نے بھارت کے جنگی طیاروں کے خلاف ہوا سے ہوا میں مار کرنے والے میزائل داغنے کے لیے چینی ساختہ جی-10 طیارے کا استعمال کیا۔

مزیدخبریں