این ایف سی‘ چاروں صوبوں کو 17 کھرب سے زائد اضافی فنڈز ملے

May 10, 2025

لاہور (احسن صدیق) رواں مالی سال 2024-25 کے پہلے 9 ماہ کے دوران وفاقی حکومت نے ملک کے چاروں صوبوں کو این ایف سی کے تحت قابل تقسیم محاصل کی مد میں 50 کھرب 84 ارب 37 کروڑ 40 لاکھ روپے کے فنڈز فراہم کئے جو گذشتہ مالی سال 2023-24 میں اتنی مدت کے دوران اس مد میں فراہم کئے جانے والے 33کھرب 39 ارب 22 کروڑ 30 لاکھ روپے کے مقابلے میں 17کھرب 45 ارب  15کروڑ 10لاکھ روپے زائد ہیں۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے لئے چاروں صوبوں کو این ایف سی کے تحت قابل تقسیم محاصل کی مد میں فراہم کئے جانے والے مجموعی فنڈز میں سے سب سے ذیادہ فنڈز پنجاب کو ملے ہیں جن کا حجم  24کھرب 89ارب 66کروڑ 50 لاکھ روپے ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال اتنی مدت کے دوران اس مد میں پنجاب کو 16 کھرب 44ارب 92کروڑ 50 لاکھ روپے ملے تھے۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران صوبہ سندھ کو 12 کھرب 79 ارب 50 کروڑ 60 لاکھ روپے ملے جبکہ گزشتہ مالی سال اتنی مدت کے دوران اس مد میں 8 کھرب 42 ارب 24 کروڑ 60 لاکھ روپے ملے تھے۔ اسی طرح رواں مالی سال کے پہلے 9ماہ کے دوران خیبر پی کے کو این ایف سی کے تحت قابل تقسیم محاصل کی مد میں 8کھرب 24 ارب 86کروڑ 40 لاکھ روپے کے فنڈز ملے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اتنی مدت کے دوران اس مد میں 5کھرب 44ارب 16 کروڑ 70 لاکھ روپے ملے تھے۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 9ماہ کے دوران صوبہ بلوچستان کو این ایف سی کے تحت قابل تقسیم محاصل کی مد میں 4کھرب 90 ارب 33 کروڑ 90 لاکھ روپے ملے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اتنی مدت کے دوران اس مدمیں 3 کھرب 7 ارب 88کروڑ 50 لاکھ روپے ملے تھے۔

مزیدخبریں