بڑے سیاسی لیڈر کے بغیر دشمن کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا: حامد خان

May 10, 2025

لاہور (خبرنگار) سینیٹر حامد خان نے لاہور ہائیکورٹ بار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں جو جبر اور زیادتی ہورہی ہے وہ فی الفور ختم ہونی چاہیے، ملک کا سب سے بڑا سیاسی لیڈر جب تک مذاکرات کا حصہ نہیں ہوگا تب تک دشمن کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا۔ 26 ویں ترمیم کو فوری واپس لیا جائے۔ اس وقت پاکستان میں کوئی عدالتی نظام نہیں ہے۔ ملٹری کورٹس کا فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں آزاد عدلیہ نہیں ہے۔ چیف جسٹس بے بسی کی کیفیت میں چلا گیا ہے۔ دنیا کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ چیف جسٹس بینچ بھی نہیں بنا سکتا ہے۔ 26 ویں ترمیم کے نتیجے میں جو کھلواڑ ہورہا ہے اسے فوری حل ہونا چاہیے۔ عدلیہ آزاد ہوگی تو ہی حالات بہتر ہوں گے، لوگوں کو انصاف ملے گا۔ صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن آصف نسوانہ نے کہا کہ بھارت کی بزدلانہ خصلت کے تحت پاکستان پر حملہ کی وکلاء مذمت کرتے ہیں۔ ایسے جارحانہ حملے کا جواب بھی جارحانہ ہونا چاہیے۔ صرف دفاع نہیں کرنا چاہئے بلکہ بھارت میں موجود دہشت گرد کیمپس کو ٹارگٹ کرنا چاہئے۔ صدر لاہور بار ایسوسی ایشن مبشر رحمان نے کہا کہ ملک اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، اپوزیشن کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں