لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس کی سماعت کرتے ہوئے موٹر وے پر ڈرون کے ذریعے اور شہر میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف فوری گرینڈ آپریشن کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ٹول پلازہ پر گاڑیوں کی چیکنگ کیلئے مانیٹرنگ سسٹم نافذ کرنے اور محکمہ ماحولیات کے نئے سکواڈز تعینات کرنے کا بھی حکم دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ لاہور میں دھواں دینے والی کوئی گاڑی داخل نہ ہو۔ ٹول پلازہ پر ہی کارروائی کی جائے۔ موٹروے وے اور ملتان روڈ پر دھواں دینے والی گاڑیوں کا فوری طور داخلہ بند کرائیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ محکمہ ماحولیات سموگ چیک کرنے والے آلات اورگاڑیوں کو فوری فعال کرے۔ ممبر ماحولیاتی کمیشن سید کمال حیدر نے کہاکہ ماحولیاتی قوانین کے مطابق تعمیر ہونے والی بلڈنگز کو ریلیف دینے کے متعلق ایل ڈی اے نے سمری بنائی ہے۔ ان کو کہا ہے کہ وہ رولز بنائیں۔ ایم اے اوکالج کی خاتون پرنسپل نے بتایا کہ کالج کی بیرونی دیواریں چھوٹی ہیں، لوگ کوڑا کرکٹ یہاں پھینکتے ہیں، نشئی داخل ہوجاتے ہیں، روکنے والا سٹاف نہیں ہے، تعینات سٹاف تنخواہ کالج سے لیتا ہے، ڈیوٹی ہائیرایجوکیشن میں کرتا ہے، کالج گرائونڈ میں غیرمتعلقہ افراد کو کرکٹ کھیلنے سے روکیں تو بڑی بڑی سفارشیں آجاتی ہیں۔ عدالت نے کہا کہ آپ اپنی شکایات لکھ کردیں، عدالت اس پر حکم جاری کرے گی۔ مزید سماعت 16 مئی کو ہوگی۔
دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں لاہور میں داخل نہ ہوں: ہائیکورٹ
May 10, 2025