کابل: افغان طالبان نے عید پر تین روزہ جنگ بندی کا اعلان کردیا، پاکستان کی جانب سے افغان طالبان کے فیصلے کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔
افغان طالبان نے عید پر تین روزہ جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عید کے دنوں میں حکومتی فورسز پر حملے نہیں کیے جائیں گے۔
ترجمان طالبان محمد نعیم کا کہنا ہے کہ عید کو پُرامن اور محفوظ ماحول میں منانے کے لیے تمام مسلح کارروائیاں روکنے کا حکم دیا گیا ہے۔افغان صدر اشرف غنی نے بھی عید پر تین روز کی جنگ بندی کا اعلان کیا ہے، افغان صدر کا اعلان طالبان کی جانب سے سیز فائر کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔دوسری جانب پاکستان نے عید پر افغان طالبان کی جانب سے جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان پرتشدد کارروائیوں کے خاتمے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے، افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کے لیے پاکستان اپنا حصہ ڈالتا رہے گا۔