سندھ کی فاتح کراچی ٹگ آف وار ٹیم کے اعزاز میں تقریب تقسیم انعامات
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)سندھ کے کھلاڑیوں کی ڈویژن کی سطح پر کیش پرائز کے ذریعے حوصلہ افزائی کرنا محکمہ کھیل کا کارنامہ ہے ،سیکریٹری اسپورٹس امتیازعلی شاہ صوبے بھر میں کھیل اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے کوشاں ہیں ،ان خیالات کا اظہار سندھ ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کے صدر گلفراز احمد خان نے انٹر ڈویژنل سندھ ٹگ آف وار چیمپئن شپ کی فاتح کراچی کی ٹگ آف وار ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں کراچی کی فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو محکمہ کھیل کے تعاون سے کیش پرائز سے نوازا گیا ۔اس موقع پر سندھ ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جاوید اقبال ،سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت ،کراچی کے صدر محسن علی خان،اصغر بلوچ ،ریاض صدیقی ،ڈائرکٹر اسپورٹس کراچی یونیورسٹی راشد قریشی،سجاس کے سیکریٹری اصغر عظیم ،صفدر انصاری،عظمت پاشا،چوہدری تنویر ارشد،عمیرا صدیقی،فہمیدہ ضمیر،خالدہ افتخار،خالدہ ناز،محمد ندیم ،اختر،فیصل اسماعیل ،مخدوم جاوید،نصرت حسین ،شاہ زیب ،فرحان ،شاہد مسعود اور دیگر بھی موجود تھے ۔گلفرا ز احمد خان کا کہنا تھا کہ محکمہ کھیل کی جانب سے ٹگ آف وارٹیم اور ایسوسی ایشن کی حوصلہ افزائی کے بعد میں امید کرتا ہوں کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا ،میں فخر سے کہ سکتا ہوں کہ سندھ ٹگ آف وار ایسوسی ایشن سندھ کی سب سے فعال اور متحرک ایسوسی ایشن ہے جو اپنے کلینڈر کے مطابق گزشتہ برسوں سے کام کر رہی ہے ۔ایس او اے کے سیکریٹری احمد علی راجپوت نے بھی ٹگ آف وار ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اسے خوش کن قرار دیا ۔سندھ ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جاوید اقبال اور کراچی کے صدر محسن علی خان کا کہنا تھا کہ انٹر ڈویژنل کی سطح پر تاریخ میں پہلی بار کھلاڑیوں کو کیش پرائز سے نوازا گیا جس پر سندھ ٹگ آف وار ایسوسی ایشن محکمہ کھیل اور خاص طور پر سیکریٹری اسپورٹس امتیاز علی شاہ کی شکر گزار ہے ان کی جانب سے حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہا تو سندھ کی ٹگ آف وار ٹیم نیشنل گیمز اور دیگر نیشنل ایونٹس میں سندھ کا نام روشن کرے گی ۔بعد ازاں کراچی کی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو کیش پرائز دیے گئے ۔