روجھان : دیرینہ دشمنی پرگروپوں میں تصادم ،2 افراد ہلاک ، 3 زخمی
رحیم یارخان‘ روجھان (کرائم رپورٹر‘ خبر نگار ) دیرینہ دشمنی پر دو برادریوں میں تصادم‘فائرنگ‘ 2 ہلاک‘3زخمی‘ زخمی طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل‘ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ تفصیل کے مطابق بستی نذر محمد جھلن کے رہائشی دولانی اور بنوں برادری میں عرصہ دراز سے دیرینہ دشمنی چلی آرہی ہے‘ گزشتہ روز بھی دونوں برادریوں میں خونی تصادم ہوگیا‘فائرنگ کے نتیجہ میں بنوں برادری کامحمدزاہد جبکہ دولانی برادری سے تعلق رکھنے والا شاہد مارے گئے‘ جبکہ مجاہد‘علی حسن وغیرہ زخمی ہوگئے‘جنہیں فوری طورپر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیاگیا‘ جہاں تینوں کی حالت تشویشناک بیان کی جارہی ہے‘ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی‘ جس نے مقتولیں کی نعشیں قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی‘ پولیس ذرائع نے بتایا کہ دیرینہ دشمنی کے جاری اس کھیل میں دونوں برادریوں سے تعلق رکھنے والے9افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔