جہلم: کنوئیں کی زہریلی گیس سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق
جہلم، دینہ (نامہ نگار)دھنیالہ گائوں میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد کنویں میں گرکر جاںبحق ہوگئے۔ مرنے والے تمام افراد کنویں میں پیٹر انجن چلانے کے دوران زہریلی گیس بھرنے کی وجہ سے جاںبحق ہوئے۔ اقبال اپنے دو بیٹوں حیدر، سلمان دو سگے بھائی آصف، خالد اور بھتیجے خرم شہزاد سمیت جاںبحق ہوا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ سہ پہر جہلم کے گائوں دھنیالہ میں ایک نوجوان کنویں سے پانی نکالنے والے پیٹر انجن کو چلانے کیلئے کنویں میں اترا لیکن باہر نہ آیا تو اس کے بعد دیگر پانچ افراد باری باری کنویں میں اترتے رہے اور کنویں میں زہریلی گیس کا شکار ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیموں تھانہ منگلا پولیس وغیرہ نے موقع پر پہنچ کر تمام افراد کو کنویں سے نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ڈاکٹروں نے تمام چھ افراد کے جاںبحق ہونے کی تصدیق کردی۔ جاںبحق ہونے والوں کے لواحقین نے پوسٹمارٹم کروانے سے انکار کردیا۔ نعشوں کے گھروں میں پہنچنے پر گائوںمیں کہرام مچ گیا، ہر آنکھ اشکبار ہوگئی۔ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ منگلا ملک ذوالفقار اپنی بھاری نفری کے ہمراہ پہنچ گئے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جہلم کے قریب پیش آنے والے افسوسناک واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ سے واقعہ کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔