انسٹالمنٹ کارپوریشنز نے ریکوری کیلئے جرائم پیشہ افراد بھرتی کر لئے‘ تشدد معمول بنا لیا
ملتان (حفیظ اللہ سے) انسٹالمنٹ کارپوریشنز دھندے میں ملوث سود خور مافیا بے لگام ہو گیا ہے مجبور شہریوں کو گاڑیاں‘ ضروریات زندگی کی اشیاء و نقد رقوم قسطوں پر دیکر مافیا نے ریکوری کے لئے جرائم پیشہ افراد بھرتی کر لئے کئی گنا رقوم وصول کرنے کے باوجود قسط شارٹ ہونے پر شہریوں کو جرائم پیشہ افراد کے ذریعے زدوکوب کروانا اور اشیاء ضبط کرنا معمول بن گیا قانون کے رکھوالے حصہ لیکر خاموش ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق سودخور مافیا نے شہر میں جگہ جگہ انسٹالمنٹ کارپوریشنز کھول رکھی ہیں اور نقد رقوم ادا نہ کر سکنے والے شہریوں کی مجبوری سے فائدہ اٹھا کر مافیا شہریوں کو قسطوں پر گاڑیاں‘ موٹرسائیکلیں ‘ موبائل فون و دیگر اشیاء و نقد رقم دیتا ہے اور اس سلسلے میں شہریوں سے چیک لئے جاتے ہیں ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سود خور مافیا نے شہریوں سے قسطوں کی ریکوری کے لئے بدمعاش و جرائم پیشہ عناصر رکھے ہوئے ہیں جو کہ قسطیں شارٹ ہونے کی صورت میں متاثرہ شہریوں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں اور دی گئی اشیاء بھی ضبط کر لیتے ہیں ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سود خور مافیا ضرورت مند شہریوں سے اصل رقم کا کئی گنا وصول کرنے کے باوجود ان کی جان نہیں چھوڑتا اور پولیس سے ملی بھگت کر کے متاثرہ شہریوں کے خلاف تھانوں میں کارروائی بھی کی جاتی ہے مگر سود خوروں کے خلاف دی گئی درخواستوں پر پولیس کارروائی نہیں کرتی اداروں نے حصہ وصول کر کے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔