ارباب جہانگیر اور انکی اہلیہ کا نام ای سی ایل میں شامل کئے جانے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ نے پیپلز پارٹی کے رہنما سابق ممبران قومی اسمبلی ارباب عالمگیر اور ان کی اہلیہ عاصمہ ارباب کا نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل )میں شامل کئے جانے کے خلاف دائر درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ بدھ کو عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق اور محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویڑن بنچ نے دونوں میاں بیوی کی درخواست پر سماعت کی تو درخواست گزاروں کی جانب سے بیرسٹر مسرور شاہ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ ارباب عالمگیر اوران کی اہلیہ عاصمہ عالمگیر کے خلاف نیب نے ابھی تک انکوئری شروع نہیں کی ، نیب جب تک انکوائری شروع نہ کرے اس وقت تک کسی کا نام ای سی ایل میں شامل کرنا خلاف قانون ہے ، نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت میں کیس زیر سماعت ہے لیکن ای سی ایل میں نام نہیں ڈالا گیا،وزارت داخلہ کا دوہرا معیار ہے، نیب کی سفارش پر نواز شریف کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا جا رہا جبکہ ان کے موکلان کا نام بغیر انکوائری کے ای سی ایل میں شامل کر دیا گیا ۔ فاضل بنچ نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ واضح رہے کہ ارباب عالمگیر اور ان کی اہلیہ عاصمہ عالمگیر پر پاکستان، دبئی اور برطانیہ میں غیر قانونی اثاثہ جات بنانے کا الزام ہے جس پر وزارت داخلہ نے دونوں ملزمان کا نام ای سی ایل میں شامل کر رکھا ہے۔