الیکشن کمشن کے تین رکنی بنچ کے روبرو ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن سے متعلق سما عت
اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی) ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن سے متعلق الیکشن کمیشن کے تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی اور کہا ہے کہ وہ اس معاملہ کو چیف الیکشن کمشنر کے روبرو پیش کریں گے۔ گزشتہ روز الیکشن کمیشن میں ممبر سندھ غفار سومرو کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت شروع کی تو ملی مسلم لیگ کے وکیل راجہ رضوان عباسی نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد ہائی کورٹ پارٹی رجسٹریشن سے متعلق واضح فیصلہ دے چکی اور ہدایات جاری کی گئیں کہ رجسٹریشن کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے لیکن محض وزارت داخلہ کی رپورٹ پر ملی مسلم لیگ کو رجسٹرڈ نہیں کیا جارہا؟۔ہمارے پاس 2ہزار افراد کی فہرست موجود ہے اسے ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن کے نمائندے نے کہاکہ آپ اس پر حکومت سے رجوع کیوں نہیں کرتے؟ تو راجہ رضوان عباسی ایڈووکیٹ نے کہاکہ الیکشن کمیشن قانونی طور پر اس کا پابند نہیں ہے اور نہ ہی اس نے وزارت داخلہ کی ہدایت پر فیصلہ کرنا ہے۔جب اسلام آباد ہائی کورٹ ہمارے خلاف اٹھائے گئے تمام اعتراضات مسترد کر چکی ہے تو پھر اس کی رجسٹریشن میں تاخیر کیوں کی جارہی ہے؟۔ سماعت کے دوران ممبر پنجاب الطاف ابراہیم نے کہا کہ وہ اس معاملہ کو چیف الیکشن کمیشن کے روبرو پیش کریں گے جس پر راجہ رضوان عباسی ایڈووکیٹ نے کہاکہ الیکشن کمیشن اس کیلئے آئندہ کی کوئی تاریخ دے تو ممبر کمیشن بلوچستان نے کہاکہ آپ کو پورا موقع دیا جائے گا۔ ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن سے متعلق کیس کی سماعت جلد دوبارہ ہو گی۔