بجلی چوروں کو سزا دینے کیلئے سیاسی جماعتیں تعاون کریں،عابد شیرعلی
اسلام آباد (وقائع نگار + جنرل رپورٹر +سٹی رپورٹر) ایوان بالا کے اجلاس میںسینیٹر شیری رحمن ،شبلی فراز اور دیگر ارکان کے لوڈشیڈنگ اور بجلی کی صورتحال پر توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران سحری اور افطار کے اوقات میں زیادہ نقصانات والے علاقوں میں بھی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائیگی، پچھلے پانچ سال میں ساڑھے 13 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوئی ہے۔ 3500 میگاواٹ مزید بجلی بھی آئے گی۔ آج پیداوار 19300 میگاواٹ ہے جو طلب کے برابر ہے، اس کے علاوہ آزاد کشمیر اور فاٹا سے بھی 70، 70 ارب روپے لینے ہیں لیکن ہم اکائیوں کی بجلی بند نہیں کر سکتے۔ بجلی چوروں کو سزا دینے کیلئے سیاسی جماعتیں تعاون کریں ۔ انہیں سیاسی تحفظ نہ دیں ،سینیٹر رضا ربانی کے توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل خان نے کہا ہے کہ 2005ء سے 2012ء کے دوران ای او بی آئی کے فنڈز آٹھ اقساط میں بیت المال، موسمیاتی تبدیلی اور دیگر وزارتوں اور محکموں کو منتقل کئے گئے ہیں۔ کل ایک ارب 27 کروڑ 10 لاکھ روپے مختلف اداروں کو ای او بی آئی سے منتقل ہوئے تھے۔ ہم نے 90 فیصد رقم وصول کر کے ای او بی آئی کے اکائونٹ میں واپس جمع کروا دی ہے، 2 کروڑ 19 لاکھ پچاس ہزار روپے باقی رہ گئے ہیں، اس پر بھی کام ہو رہا ہے۔ ماضی میں ای او بی آئی کے 43 ارب روپے سے غیر قانونی طور پر جائیدادیں خریدی گئیں اس میں سے علیم خان کیخلاف 10 ارب روپے کا ایک کیس ہائی کورٹ میں چل رہا ہے، اس ادارے کو کنگال کر دیا گیا، یہی وجہ ہے کہ غریب مزدوروں کی پنشن 600 روپے ہی ہے اور اسے بڑھایا نہیں جا پا رہا۔