خود کو زمینی خدا سمجھنے والوں کی کشتی بھنور میں پھنس چکی ہے: غلام مصطفی کھر
کوٹ ادو(خبر نگار) سابق گورنر پنجاب ومرکزی رہنماء تحریک انصاف ملک غلام مصطفی کھر نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب محاذ کا تحریک انصاف میں ضم ہونا اورچئیرمین عمران خان کاسرائیکی صوبے کو پارٹی منشور کا حصہ بنانا نیک شگون اورسرائیکی قوم کیلئے بہت بڑی خبر اور خوشی کی بات ہے، شریف برادران کی کشتی بھنور میں آچکی ہے کیونکہ انہوں نے خود کو زمینی خدا سمجھ لیا تھا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،ملک غلام مصطفیٰ کھر نے کہا کہ انہیں اللہ اور اللہ کے رسول پر یقین ہے کہ ہنجراؤں کو پاکستان تحریک انصاف قبول نہیں کرے گی اگر کوئی معجزہ ہوجائے تو یہ میرے اللہ کے ہاتھ میں ہے لیکن ضلع مظفر گڑھ اور تحصیل کوٹ ادو کے پاکستان تحریک انصاف اور ہمارے چاہنے والے دوست مایوس نہ ہوں امید کرتاہوں کہ اگر مصطفی کھر پی ٹی آئی میں ہے توہنجراء نہیں ہوں گے اگر ایسے لوگ پاکستان تحریک انصاف میں آتے ہیں تو یہ ہماری اور ہمارے علاقے کی بد قسمتی ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کو آبادکرنیوالی جماعت ہے جن لوگوں نے علاقے کے لوگوں کوذلیل و خوار کیا ہو لوگوں کی زمینوں پر قبضے کرآئے ہوں کرپشن کی ہواداروں کے ملازمین سے ملکر کرپشن کی ہو وہ کیسے پاکستان تحریک انصاف کا حصہ بن سکتے ہیں،انہوں نے کہاکہ وہ تحریک انصاف ضلع مظفر گڑھ اور تحصیل کوٹ ادو کے تمام دوستوں سے کہتے ہیں کہ وہ پریشان نہ ہوں،ہنجرائوں کی لاکھ کوشش کے باوجود بھی پاکستان تحریک انصاف نے ان کو لینے سے انکار کردیا ہے۔