نااہل وزیراعظم کی آمرانہ ذہنیت سامنے آرہی ہے‘ضیاء عباس
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینئر سیاستداں اور مسلم لیگ کے سابق سیکرٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ سابق نااہل وزیراعظم نواز شریف کی آمرانہ ذہنیت آہستہ آہستہ کھل کر سامنے آرہی ہے۔ قومی سلامتی اور انصاف کے اداروں کو کھلی دھمکیوں کے بعد ججوں کی تعیناتی اور جوڈیشل کونسل کا طریقہ بدلنے اور نیب کو دیکھ لینے کی باتیں ان کی آمرانہ سوچ کی عکاس ہیں اس کے ساتھ ہی سید ضیاء عباس نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے فرنٹ مین احد چیمہ کے خلاف نیب کے ایکشن کے بعد نواز شریف کا یہ بیانیہ بھی انتہائی معنی خیز ہے کہ احتساب صرف سیاستدانوں اور بیورو کریٹس کا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ شریف خاندان کی لوٹ مار میں سابق ڈپٹی گورنر اسٹٹ بنک سعید احمد اور ظفرحجازی جیسے خوشامدی افسران کا بھی بڑا کردار رہا ہے اور نواز شریف کے تازہ بیان میں کرپٹ سیاستدانوں کے ساتھ کرپٹ بیورو کریٹس کا دفاع اس لئے کیا گیا ہے تاہم سید ضیاء عباس نے کہا کہ دھمکیوں اور بے جا الزام تراشیوں سے احتساب کا عمل رکنے والا نہیں جس کسی نے بھی ملک کولوٹا ہے اسے سزا ہر حال میں بھگتنا ہوگی۔