پہلی ٹیلی نار سپر کبڈی لیگ کے چیمپیئن کا فیصلہ آج ہوگا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پہلی ٹیلی نار سپر کبڈی لیگ 2018ء فیصل آباد شیر دل اور گجرات واریئر کی ٹیموں نے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، چیمپیئن کا فیصلہ آج ہوگا۔ پہلا سیمی فائنل فیصل آباد شیر دلز اور ساہیوال بلز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، ایک موقع پر فیصل آباد شیردلز کو صرف ایک پوائنٹ کی برتری حاصل تھی تاہم بعد ازاں فاتح ٹیم نے تجربہ کار کھلاڑیوں کی مدد سے حریف پر دباو بڑھانا شروع کیا اور اختتامی لمحات میں خاص طور پر شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 کے مقابلے میں 33 پوائنٹس سے فتح حاصل کی۔ دوسرے سیمی فائنل میں کانٹے دار مقابلہ ہوا، گجرات واریئرز نے پہلے ہاف کے اختتام پر کشمیر جانباز پر 20-17 سے برتری حاصل کی، فاتح ٹیم نے بعد ازاں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوائنٹس تیزی سے بڑھائے اور نتیجہ 28 کے مقابلے میں 41پوائنٹس سے اپنے نام کیا۔ پہلے سیمی فائنل میں فیصل آباد شیر دل کے عابد مین آف دی میچ قرار پاے جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں گجرات واریئرز کے بابا علی مین آف دی میچ قرار پائے۔