شہباز سینئرکی اسلام آباد ہاکی ایسوسی ایشن پرقبضہ کی کہانی،سکروٹنی کے نام پر اصل کلب خارج
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کے اسلام آباد ہاکی ایسو سی ایشن کے صدر بننے اور اصل ہاکی کلبوں کے ووٹ نکالنے کی مذموم کوششوں کے خلاف اسلام آباد کے ہاکی کلبوں نے احتجاج کرنیکا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل شہباز سینئرنے اسلام آباد ہاکی ایسوسی ایشن پر قابض ہونے کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے سکروٹنی کے نام پر مخالف اصل ہاکی کلبوں کے ووٹ خارج کر دیئے جبکہ رواں ماہ منعقدہ انٹر کلب ہاکی چیمپین شپ کا سیمی فائنل کھیلنے والی مارگلہ ہاکی کلب سمیت دیگر ہاکی کلبوں کا نام سازش کے تحت ووٹرز لسٹ سے نکلوا دیا تاکہ اسلام آباد ہاکی ایسو سی ایشن کے الیکشن میں اپنی کامیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس حوالے سے اسلام آباد ہاکی ایسو سی ایشن کے الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے اجلاس اولمپئین مصدق حسین خان کی نگرانی میں ہونا تھا تاہم فیڈریشن کی جانب سے دیئے گئے مقررہ وقت صبح گیارہ بجے کی بجائے دن ایک بجے تک اجلاس منعقد نہیں کروایا جا سکتا اور الیکشن کمیشن سمیت فیڈریشن کا کوئی عہددار مقامی ہوٹل نہیں پہنچ سکا تھا۔