ایشیئن سنوکر چیمپیئن شپ : چاروں پاکستانی کیوئسٹ ناک آئوٹ مرحلے میں پہنچ گئے
اسلام آباد ( سپورٹس رپورٹر) ایران کے شہر تبریز میں جاری 34ویں ایشئین سنوکر چیمپئن شپ 2018ء میں چاروں پاکستانی کیوئسٹ ناک آئوٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کر گئے۔ ان چاروں کھلاڑیوں میںمحمد بلال، بابر مسیح، محمد آصف اور محمد ماجد علی شامل ہیں۔ محمد بلال اور بابر مسیح نے براہ راست پری کوارٹر فائنل رائونڈ ( ناک آئوٹ رائونڈ) کیلئے کوالیفائی کیا جبکہ محمد آصف اور محمد ماجد علی کو پری کوارٹر فائنل کھیلنے کیلئے لاسٹ24کا رائونڈ بھی کھیلنا پڑا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ لیگ رائونڈ میں تمام پاکستانی کھلاڑیوں نے پانچ پانچ میچز کھیلے، محمد بلال واحد پاکستانی کھلاڑی تھے جنہوں نے اپنے پانچ کے پانچ میچ جیتے، جبکہ بابر مسیح اور محمد آصف نے اپنے پانچ میچوں میں سے چار چار میں کامیابی حاصل کی۔ محمد ماجد علی نے اپنے پانچ لیگ میچوں میں سے تین جیتے اور دو میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لیگ رائونڈ کے اختتام پر پوائنٹس اور بہترین فریم سکورز کی بنیاد پر محمد بلال اور بابر مسیح براہ راست پری کوارٹر فائنل میں پہنچے۔چوتھے روز ہونے والے لیگ میچز میں پاکستان کے محمد بلال نے میانمار کے اونگ پھیئو کو4-1سے، پاکستان کے بابر مسیح نے ہانگ کانگ کے کا لیم لائو کو4-2سے شکست دی۔ اس میچ میں بابر مسیح نے دوسرے فریم میں130کی سنچری بریک کھیلی۔ یہ ایشیئن چیمپیئن شپ میں اب تک ان کی سب سے بڑی بریک ہے۔چوتھے ہی روز ہانگ کانگ کے چی وائی او نے پاکستان کے محمد ماجد علی کوایک سخت مقابلے کے بعد فیصلہ کن فریم میں 4-3سے شکست دی۔اس میچ میںچی وائی نے 60اور53کی جبکہ ماجد علی نے 64کی ہاف سنچری بریکس کھیلیں۔