نیو اسلام آباد ائرپورٹ تک رسائی کیلئے میٹروبس منصوبہ کی کمی کے باعث ٹھپ ہو کر رہ گیا
اسلام آباد(مسعودماجدسید؍خبر نگار)نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ تک رسائی کی غرض سے بنائی جانے والی میٹروبس منصوبہ فنڈز کی کمی کے باعث کھٹائی کا شکار ہوگیا۔کل چار پیکجز میں سے دو پرادھورہ کام کرکے چھوڑ دیا گیا جبکہ خاموشی سے پیکج تھری اور فور کو اگلی حکومت کے حوالے کر دیاگیا۔ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق پشاور موڑ اسلام آباد سے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ تک کی کل 25.6کلومیٹر طویل میٹروبس منصوبہ کل چار پیکجز پر مشتمل تھا جس میں پیکج ون کی لمبائی 8کلومیٹر ہے اور اس پر ساٹھ فیصد کام ہواہے جس پر 5بس اسٹیشن واقع ہیں،پیکج ٹو کی لمبائی 3.8کلومیٹر جس پر صرف 32فیصد کام کیاگیاہے اس پر 3 بس اسٹیشن واقع ہیں جبکہ پیکج تھری کی لمبائی 8.3کلومیٹر جس پر 2بس اسٹیشن واقع ہیںاور پیکج فور کی لمبائی 5.5کلومیٹر ہے جس پر دو بس اسٹیشن واقع ہیں( آخری ان دونوں تھری اور فور پیکجز) کو خاموشی سے ٹھپ کردیاگیاہے۔یہ بھی معلوم ہواہے کہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور سی ڈی اے نے بھی اربوں روپے مالیت کے اس منصوبے سے ہاتھ کھینچ لیاہے جس کے بعد میٹرو بسیں بھی اب این ایچ اے کو ہی خریدنے کا کام سونپ دیاگیاہے اور اب مکمل طور پر یہ منصوبہ این ایچ اے کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔آئندہ مالی سال 2018-19ء کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں مواصلات ڈویژن کے جاری 7 ترقیاتی منصوبوں کے لئے مجموعی طورپر 8 ارب99 کروڑ72 لاکھ 40 ہزارروپے مختص کئے ہیں جس میںوفاقی دارالحکومت کے لئے پشاور موڑ تا نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے لئے میٹرو بس سروس اور اس سے منسلک ترقیاتی کام کے لئے خصوصی طورپر 4 ارب 20 کروڑ روپے کی خطیر رقم تو مختص کردی گئی ہے لیکن اس منصوبے پر کام کی رفتار انتہائی سست ہونے سے جڑواں شہروں کیلئے نیا ائرپورٹ ایک وبال جان بن گیاہے کیونکہ ائرپورٹ تک اس میٹروبس کی رسائی میں تاخیر سے مسافرخوار ہو چکے ہیں ۔پیکج ون پشاور موڑ تا نسٹ کو ٹھیکہ میسرز این ایل سی کودیاگیاہے،پیکج ٹو (نسٹ ،گولڑہ موڑ و جی ٹی روڈ )کا ٹھیکہ میسرز CRFG-MATRACON-TTC JVکو دیاگیاہے ،پیکج تھری(جی ٹی روڈ أایم ون و ایم ٹو انٹرچینج)کاٹھیکہ مسیرز MOREاور ایف ڈبلیو او کو جبکہ پیکج فور (لنک روڈ سے ایم ون و ایم ٹو سے ائرپورٹ)تک کا ٹھیکہ مسیرز این ایل سی کو دیاگیاہے۔ کل 25.6کلومیٹر طویل میٹروبس منصوبہ میں کل 8پل ہیں،14انڈر پاسز ،28کھالے اور کل 8بس اسٹیشنز شامل ہیں۔منصوبے میں تاخیر کی وجہ سے ملکی اور غیر ملکی فضائی مسافروں کو تو بے یارو مددگار چھوڑ دیا گیا بلکہ ائرپورٹ پر تعینات عملے کو بھی شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔ٹھیکہ داروں نے بھی عملاً کام چھوڑا ہوا ہے ۔