لوڈ شیڈنگ، شہباز شریف ٹوپیاں تبدیل کرنے کی بجائے اپنا نام تبدیل کریں
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ شہباز شریف ٹوپیاں تبدیل کرنے کی بجائے اپنا نام تبدیل کریں کیونکہ ملک بھر میں 18, 18 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ پورے ملک کی طرح پنجاب میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ عوام کے لئے عذاب بن گئی ہے۔ شہباز شریف کے حیدرآباد کے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پہلے تو سندھ کی عوام شوباز شریف کی ڈرامہ بازی کو خوب سمجھتی ہے اس لئے شوباز شریف پنجاب کے عوام کو حساب دے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت میں لوڈ شیڈنگ ختم ہو جاتی مگر نواز شریف کے چیلے کالا کوٹ پہن کر بجلی کے منصوبوں میں رکاوٹ بن گئے تھے۔ سید نیر بخاری نے کہا کہ شہباز شریف وزیراعظم بننے کے خواب دیکھنے کی بجائے جیل جانے کی فکر کریں کیونکہ ماڈل ٹائون کے مقتولوں کا خون انہیں ہضم کرنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن اور لوڈ مار شریف خاندان کی شناخت بن چکی ہے۔