بنگلہ دیش میں روہنگیا پناہ گزینوں کے کیمپوں میں موذی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ
اقوام متحدہ (اے پی پی) عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ بنگلہ دیش میں میانمار کے روہنگیا پناہ گزینوں کے کیمپوں میں کالرا اور دیگر بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے جس کی روک تھام کیلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر ایمرجنسی آپریشنز ڈاکٹر رچرڈ برینین نے صحافیوں کو بتایا کہ بنگلہ دیش میں زیادہ تر روہنگیا پناہ گزین ایسے کیمپوں میں رہ رہے ہیں جہاں گنجائش سے زیادہ پناہ گزینوں کی رہائش ہے اور وہاں پر صفائی ستھرائی کا نظام خراب ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ کو فنڈز کی کمی کا مسئلہ بھی درپیش ہے تاہم اس کے باوجود بیماریوں کو روک تھام کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ ڈاکٹر رچرڈ برینین کا کہنا ہے روہنگیا پناہ گزینوں کی تعداد اب 9 لاکھ تک پہنچ گئی ہے جو کاکس بازار کے ایک درجن پناہ گزین کیمپوں میں رہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیمپوں میں بیماریوں کے باوجود پناہ گزینوں کے مرنے کی شرح کم ہے۔