میر اکبر شاہی، راحیلہ مگسی، یوسف بڈنی اور طاہر بزنجو سینٹ کی کمیٹیوں کے سربراہ منتخب ہو گئے
اسلام آباد (آن لائن) سینٹ کی قائمہ کمیٹیوں ہاؤسنگ اینڈ ورکس، حکومتی یقین دہانیاں، فیڈرل ایجوکیشن اور سینٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیاں کے چیئرمین منتخب ہو گئے۔ سینٹ کی کمیٹیوں کے چیئرپرسن منتخب کرنے کیلئے گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس میں اجلاس منعقد کیا گیا جس میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے لئے نیشنل پارٹی کے سینٹر میر اکبر احمد شاہی بلامقابلہ چیئرمین منتخب جبکہ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے فیڈرل ایجوکیشن کے لئے مسلم لیگ (ن) کی سینٹر راحیلہ مگسی ایک مرتبہ پھر بلامقابلہ منتخب ہو گئیں۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کے لئے میر یوسف بڈنی کو بطور چیئرمین منتخب کر لیا گیا، نومنتخب چیئرمینز کو اراکین نے مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر چیئرمین کے لئے منتخب ہونے والے سینیٹرز نے اس بات کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ وہ ملک اور عوام کے لئے ہرممکن کردار ادا کریں گے۔ سینٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیوں کے لئے چیئرمین سینیٹر محمد طاہر بزنجو منتخب ہوئے۔ سینٹ کی فنکشنل کمیٹی میں مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر آصف کرمانی کا کہنا تھا کہ میں بہت جونیئر آدمی ہوں لیکن ہم لوگ یہاں مسائل کو حل کرنے کیلئے منتخب ہوکر آئے ہیں۔