ملک نواز شریف کے وژن کے مطابق ترقی کی راہ پر گامزن ہے: عابد شیر علی
اسلام آباد (این این آئی )وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ملک نواز شریف کے وژن کے مطابق ترقی کی راہ پر گامزن ہے، وزیرداخلہ پر حملہ 22 کروڑ عوام پر حملہ ہے، عوام دوست بجٹ سے عوام کو ریلیف ملا ہے، بجٹ کے حوالے سے کسی کے پاس تجاویز ہیں تو ضرور دے، خیر مقدم کرینگے ۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں وزیر مملکت نے کہا کہ بجٹ پر بحث کا سلسلہ جاری ہے، اگر اس میں کسی بھی شعبہ کے حوالہ سے کسی کے پاس اچھی تجاویز ہیں تو وہ ضرور دے، ایسی تجاویز کا خیرمقدم کیا جائیگا، موجودہ حکومت نے چھٹا بجٹ پیش کیا ہے جو نہ صرف عوام دوست بلکہ سرمایہ دار طبقہ کیلئے بھی قابل قبول ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ موجودہ بجٹ پر کسی اپوزیشن کی سیاسی پارٹی نے احتجاج کیا نہ وہ سڑکوں پر آئے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے اور ترقی کا یہ سفر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک سے سرمایہ دار ملک میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔