وفاق کے عدم تعاون سے ترقی متاثر ہو رہی ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ نام نہاد قوم پرستی کے نام پر بے گناہ لوگوں کو قتل کرنے والے قوم پرست نہیں دہشتگرد ہیں ،آئین پاکستان کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کوئی بھی قوم دھارے میں شمولیت کرے تو اسے خوش آمدید کہیں گے مگر اپنے صوبے کو کسی صورت دہشتگردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے، وفاق کی جانب سے عدم تعاون کی وجہ سے بلوچستان کی ترقی متاثر ہورہی ہے، مسلم لیگ (ن) پنجاب سے سیٹیں جیتنے کے لئے چھوٹے صوبوں کی حق تلفی کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو سدرن کمانڈ اور حکومت بلوچستان کے اشتراک سے نیشنل سکیورٹی ورکشاپ بلوچستان کی اختتامی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، صوبائی وزیر سردار سرفراز چاکر ڈومکی بھی انکے ہمراہ تھے، وزیراعلی نے کہا کہ بلوچستان میں بہت سے وسائل ہیں صرف وژن اور سچی نیت سے کام کر نے کی ضرورت ہے جب سے حکومت سنبھالی ہے رکی ہوئی مشنری کو فعال اور درست سمت کا تعین کیا ہے جس سے صوبے میں بہتری آئی ہے اگر کوئی صیح کا م کرنا چاہے تو بلوچستان میں بہت سے مواقع ہیں میں ماضی کی حکومتوں کی بات نہیں کرتا لیکن ہم صوبے کو مخلص انداز میں چلا رہے ہیں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ نے کہا آئندہ بجٹ میں عوام کے لئے بہتر تعلیم،صحت اور صاف پانی کی فراہمی حکومت کا اہم ترجیح ہو گی، قومی پرستی سے صوبہ کبھی ترقی نہیں کر سکتا ہے، ہمیں قومی پرستی سے باہر آنا ہو گا۔ وہ بدھ کے روز سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میںاین ٹی ایس ٹیسٹ پاس کرنے والے اساتذہ میں تقرر ناموں کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔