ٔشیخوپورہ، بوریوالہ، وزیر آباد : حالات سے دلبرداشتہ 3 نوجوانوں کی خودکشی
شیخوپورہ، بوریوالہ، وزیر آباد (نامہ نگاران) بورے والا کے نواحی گائوں 453ای بی میں عبدالغفار کا اپنے گھر والوں سے آئے روز جھگڑا رہتا تھا کہ گزشتہ روز عبد الغفار کا اپنی ماں سے معمولی بات پر جھگڑا ہوا جس پر دلبرداشتہ ہو کر خود کو گولی مار لی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہو گیا، اسے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا پولیس مصروف تفتیش ہے۔ محلہ محمد نگر وزیرآباد کے غلام حسین میو کے نوجوان بیٹے محمد فیصل کا محلے ہی کی لڑکی سے معاشقہ چل رہا تھا محمد فیصل کی والدہ اپنے بیٹے کی خواہش پر لڑکی گھر رشتہ لیکر گئی تو لڑکی کی والدہ نے رشتہ دینے سے انکار کردیا جس پر دلبرداشتہ ہوکر محمد فیصل نے گندم میں رکھنے والی گولیاں کھالیں حالت غیر ہونے پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال لایا گیا جہاں تشویشناک حالت کے پیش نظر اسے گوجرانوالہ ہسپتال میں ریفرکردیا گیا جہاں وہ خالق حقیقی سے جا ملا۔ محمد فیصل کی موت نے علاقہ کو سوگوار کردیا جبکہ لڑکی والے گھر کو تالہ لگا کر بھاگ گئے۔ یاد رہے کے محمد فیصل چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا اور میٹرک کا امتحان دیا تھا۔شیخوپورہ کے نواحی قصبہ سیکھم میں محنت کش عاشق حسین کے بیٹے غفار حسین نے والدہ سے جھگڑے پر زہریلی گولیاں نگل لیں۔