حضرت شاہ جیونہؒ کے عرس کی تقریبات آج شروع ہوں گی، سکیورٹی انتظامات مکمل

مئی 10, 2018

جھنگ (نامہ نگار)حضرت پیر محبوب عالم پیر لال کروڑیہ المعروف حضرت شاہ جیونہ کے 460 ویں سالانہ عرس کی تین روز تقریبات کا آغازآج ہو گا ۔تقریبات کا آغاز دربارشاہ جیونہ پرسجادہ نشین کے چراغ چڑھانے کے بعد ہوتا ہے سابق وفاقی وزیر داخلہ سجادہ نشین دربارشاہ جیونہ مخدوم سید فیصل صالح حیات رسم چراغ ادا کریں گے جس کے بعدعرس کی تقریبات کا آغاز ہوگا ۔مخدوم فیصل صالح حیات کے والدمخدوم سید غوث شاہ بخاری کا1988میں انتقال ہوا جس کے بعد 1989سے 2018 تک یعنی گذشتہ تقریباً29سال سے مخدوم فیصل صالح حیات رسم چراغ ادا کر رہے ہیں۔ جھنگ شہر کے شمال کی جانب تقریباً 30کلومیٹر کے فاصلہ پر حضرت محبوب عالم ؒ المعروف حضرت شاہ جیونہ ؒ کا دربار عالیہ ہے ۔ مخدوم سید فیصل صالح حیات جوکہ کئی بار وفاقی وزیر رہ چکے ہیں ، دربار عالیہ حضرت پیر شاہ جیونہ ؒ کے سجادہ نشین ہیں۔عرس کی تقریبات 11،12،13مئی تک جاری رہیں گی۔امن و امان کی صورت حال کوبرقراررکھنے کے لئے سالانہ عرس دربار حضرت شاہ جیونہ پرسکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے گئے۔سکیورٹی پلان کے تحت سالانہ عرس دربار حضرت شاہ جیونہ پر 02ڈی ایس پی،05 انسپکٹرز،16 سب انسپکٹرز،37 اے ایس آئی،26 ہیڈکانسٹیبلوں،327 کانسٹیبلوں اور 24 لیڈی کانسٹیبلوں (کل437 ) افسران و ملازمین ڈیوٹی سرانجام دیں گے جنہیں ایلیٹ کے جوانوں کی معاونت بھی حاصل ہوگی۔اس دوران ایلیٹ اور کیو آر ایف کی ٹیمیں مسلسل گشت کریں گی۔ تمام پروگراموں کی ویڈیوریکارڈنگ کیمروں کی ذریعے مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔ عرس کے داخلی و خارجی راستوں پرسی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں۔

مزیدخبریں