امت مسلمہ کے مسائل کا حل ملی یکجہتی میں ہے‘ معراج الہدیٰ
کراچی(نیوز رپورٹر)ایرانی سفارتکار رضا خلیل الرحمن نے ایک وفد کے ہمراہ جماعت اسلامی سندھ کے دفتر کا دورہ کیا اور امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ ،ڈپٹی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ سے ملاقات کی اس موقع پر ایرانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ ایران ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں سے مرعوب ہوکر فلسطینیوں کی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا ،آج امت کے مسائل کا حل ملی یکجہتی میں ہے،امریکی سفارتخانے کی تل ابیب سے القدس منتقلی انسانیت کی تذلیل اور توہین ہے۔ اقوام متحدہ کی مذمتی قرارداد کے باوجود امریکی ہٹ دھرمی امن عالم کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے۔ 14مئی کو القدس میں امریکی سفارتخانے کا افتتاح دہشتگردی ہے جسے نہ تو حریت پسند قبول کریں گے اور نہ ہی امن پسند اقوام عالم تسلیم کرے گا،اقوام متحدہ سوڈان اور انڈونیشیا کو تقسیم کرکے آزاد عیسائی ریاست قائم کرنے کیلئے اپنے تمام تر وسائل اور طاقت استعمال کرتا ہے لیکن کشمیر، فلسطین اور میانمار کے نہتے مسلمانوں پر یہودی،بدھ اور ہندو فاشسٹ ریاستوں کی ریاستی دہشتگردی اور مسلمانوں کے قتل عام پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہا ہے۔