;پاکستان روس تعلقات کی بہتری کیلئے بہت سا وقت ضائع ہو گیا‘ سفیر
اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں روس کے سفیر الیکسی دیدوت نے ایک غیر رسمی بات چیت میں نوائے وقت کو بتایا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات میں تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے۔ روسی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان اچھے تعلقات کے لئے بہت پہلے پیش رفت ہو جانی چاہئے تھی۔ ایک سفارتی تقریب میں نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات میں بگاڑ ساٹھ اور ستر کی دہائی میں پیدا ہوا تھا۔ اس کے بعد دونوں ملکوں کو تعلقات بہتر بنانے کے لئے تیزی سے آگے بڑھنا چاہئے تھا لیکن اس سلسلے میں بہت سا وقت ضائع ہو گیا ہے لیکن اب تعلقات کے ایک نئے باب کا اضافہ ہو رہا ہے۔ الیکسی دیدوت نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں سے دونوں ملکوں میں تعاون بڑھ رہا ہے۔ ان سے پوچھا گیا کہ کیا علاقائی اور عالمی حالات دونوں ملکوں کو قریب لانے میں کردار ادا کر رہے ہیں تو روسی سفیر نے کہا کہ علاقائی اور عالمی حالات بھی پاک روس تعلقات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ روسی سفیر نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کسی بھی عالمی سمجھوتے کو خاطر میں نہیں لاتے۔ انہوں نے ایران کے ساتھ ایٹمی سمجھوتے سے باہر نکلنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے پیرس سمجھوتے سے بھی باہر نکلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ روسی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور روس میں مستقبل میں تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
روسی سفیر