غیرملکی کرنسیوں کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری آگئی
کراچی(کامرس رپورٹر) مقامی کرنسی مارکیٹ میں غیرملکی کرنسیوں کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری آگئی اور بدھ کوانٹربینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان رہا۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی امریکی ڈالر،یورو،یواے ای درہم اور چینی یوآن کی قدر میں کمی جبکہ برطانوی پائونڈ کی قدر میں اضافے کا رجحان رہا۔ فار ایکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق بدھ کو انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید میں 2پیسے اور قیمت فروخت میں4پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ،جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید115.62روپے سے گھٹ کر115.60روپے اور قیمت فروخت 115.72روپے سے گھٹ کر 115.66 روپے ہوگئی۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں 30 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید118.10روپے سے گھٹ کر117.80روپے اور قیمت فروخت 118.60 روپے سے گھٹ کر118.30روپے ہوگئی۔یوروکی قیمت خرید میں10پیسے کی کمی جبکہ فروخت میں استحکام اور برطانوی پائونڈکی قیمت میں50پیسے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا۔ دوسری جانب سعودی ریال کی قیمت میں15پیسے کااضافہ دیکھا گیا جس کی بڑی وجہ ماہ رمضان المبارک میں عمرے کی ادائیگی کیلئے پاکستانیوں کی سعودی عرب روانگی ہے جس کی بناء پر وہ ریال کی خریداری کررہے ہیں۔