مضر صحت کینیڈین دال کی فروخت پر پابندی عائد
سکھر (بیورو رپورٹ)ضلعی انتظامیہ سکھر نے رمضان المبارک کے دوران اشیاء خوردونوش کے معیار کو یقینی بنانے کے لئے تمام کھانے پینے کی اشیاء کے کراچی اور روہڑی کی لیبارٹریوں سے فوڈ سیپلنگ کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے مارکیٹ میں کینیڈین دالوں کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش میتلو کی زیر صدارت انکے آفس کے کانفرنس روم میں ماہ رمضان کے دوران کھانے پینے کی اشیاء کے نرخ مقرر کرنے اور احترام رمضان آرڈیننس پر مکمل عملدرآمد کرانے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کے دوران کیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش میتلو نے کہا کہ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ صبر اور ایک دوسرے کے احترام کا درس دیتا ہے اس لئے کسی کو بھی کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ اور زخیرہ اندوزی کرنے کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی اور احترام رمضان آرڈیننس پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا ۔ اس ضمن میں دوکانداروں، تاجروں اور انتظامیہ کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ ڈی سی سکھر نے دکانداروں اور تاجروں پر زور دیا کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نرخ نا مہ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کاروائی کرتے ہوئے بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔ ڈی سی سکھر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیار کاروں کو کہا کہ کھانے پینے کی اشیاء کے مقرر کردہ سرکاری نرخوں کے مطابق فرخت کو یقینی بنانے کے لئے زاتی طور پر فیلڈ میں موجو رہیں۔اجلاس کے دوران سکھر میں کینیڈین دال کی عام فروخت کے متعلق آگاہی دی گئی جس پر ڈی سی سکھر نے کینیڈین دال کی فروخت پر مکمل پابندی لاگو کرتے ہوئے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دال مضر صحت ہے جسے بیسن اور میدے میں استعمال کیا جا رہا ہے۔