;افغانستان میں پاکستانی سفارتی عملہ کو نقل وحرکت محدود کرنے کی ہدایت
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)افغان دارلحکومت کابل سمیت ملک کے اہم شہروں میں مسلسل حالیہ دھماکوں اور دہشت گردی کی وارداتوں کے بعد افغانستان میں متعین پاکستان کے سفارتی عملہ کو نقل و حرکت محدود کرنے کی ہدائت کر دی گئی ہے۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں افغانستان کے اندر مسلسل پانچ بم دھماکے ہوئے ہیں۔ جس کے باعث ہدائت کی گئی ہے کہ سفارتی عملہ سردست سفارتخانے کے اندر ہی رہے کیوں کہ افغانستان اور بالخصوص کابل کے حالات امن کے اعتبار سے مخدوش ہیں۔ پاکستانی سفارتی عملہ اپنی نقل و حرکت مستقبل میں بھی محدود رکھے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران داعش نے کابل سمیت دیگر علاقوں میں دہشت گردی کی وارداتیں کی ہیں۔ اس سے پہلے بھی افغانستان میں متعین پاکستان کا سفارتی اور غیر سفارتی عملہ، سلامتی کی مخدوش صورتحال کے باعث رہائش گاہیں چھوڑ کر سفارت خانہ کی محفوظ عمارت میںمنتقل ہو جاتا ہے۔ دریں اثناءپاکستان نے کابل میں دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو نشانہ بنانے اور معمول زندگی میں رخنہ ڈالنے والے اس طرح کے دہشت گردی کے واقعات کا کوئی جواز نہیں ہو سکتا۔دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے عوام اور حکومت مصیبت کی اس گھڑی میں افغانستان کی عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور اس لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔
سفارتی عملہ/ ہدایت