ریلوے : اہم سیٹوں پر تعیناتی کیلئے 5 گروپوں کے 425 افسر مسلسل نظرانداز
لاہور (میاں علی افضل سے) محکمہ ریلوے میں ٹریفک کمرشل گروپ کے 89 افسروں کو اہم سیٹوں پر تعینات کرنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ 5 گروپس کے 425 افسروں کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ مخصوص گروپ کے افسران کی مسلسل اہم سیٹوں پر تعیناتیوں پر سینکڑوں افسر سراپا احتجاج بن گئے۔ افسر تحفظات لیکر وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پاس پہنچ گئے۔ افسروں کے مطابق وزیر ریلوے نے انصاف کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ وزیر ریلوے کی یقین دہانی کے باوجود افسروں کے اجلاسوں کا سلسلہ جاری ہے، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو خط لکھنے سمیت ریلوے ہیڈ کوارٹر کے باہر احتجاج اور دفاتر کی تالہ بندی پر مشاورت کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب ٹریفک کمرشل گروپ کے افسر سی اور ریلوے سمیت دیگر اہم سیٹوں پر اپنے افسروں کی تعیناتی کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ محکمہ ریلوے میں ٹریفک کمرشل گروپ کے سابق سی او جاوید انور بوبک کی بطور چیئرمین ریلوے تعیناتی، ٹریفک کمرشل گروپ کے آفیسر عبدالحمید رازی کو سی او ریلوے کی سیٹ پر عارضی چارج دینے اور مستقل سی او کی سیٹ پر تعیناتی کیلئے 2 کمرشل افسران آفتاب اکبر اور عبدالحمید رازی کے نام وزیراعظم کو بھجوانے کے معاملے پر ریلوے افسروں کے اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں اس حوالے سے سول، ٹیلی کا سگنل، الیکٹریکل، مکینیکل اور سٹور کے افسروں نے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سے ملاقات کی جس میں وزیر ریلوے کو بتایا گیا کہ سی او ریلوے کے لئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھجوائی جانے والی سمری میں ٹریفک کمرشل کے 2 افسر شامل ہیں جبکہ سول اور مکینیکل کا ایک ایک آفیسر ہے۔ سمری میں جس مکینیکل آفیسر کا نام بھیجا گیا وہ بیمار ہے اور 3ماہ کی چھٹی پر جا رہا ہے۔ ٹریفک کمرشل گروپ کا یہ اقدام بدنیتی پر مشتمل عمل ہے۔ ٹریفک کمرشل گروپ کے پاس پہلے ہی ریڈیمکو، پراکس، چیئرمین، دو ڈی ایس سمیت کئی اہم پوسٹیں موجود ہیں۔