کشمیریوں پر بھارتی ظلم و دہشتگردی کیخلاف کل ملک بھر میں مظاہرے کئے جائینگے: حافظ سعید
لاہور (خصوسی نامہ نگار) جماعۃالدعوۃ پاکستان کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و دہشت گردی کیخلاف کل جمعہ 11مئی کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بڑے پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔ لاہور میں سب سے بڑا مظاہرہ چوبرجی چوک میں ہو گا جبکہ مختلف شہروں و علاقوں میں کشمیری شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی جائے گی۔ جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے علماء کرام اور دینی جماعتوں کے قائدین سے اپیل کی ہے کہ وہ خطبات جمعہ میں بھارتی ظلم و بربریت اور نہتے مسلمانوں کی نسل کشی کو موضوع بنائیں اور مودی سرکار کی ریاستی دہشت گردی سے پوری دنیاکو آگاہ کیا جائے۔ احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں میں سیاسی، مذہبی و کشمیری قیادت کو بھی شریک کیا جائے گا۔ اپنے بیان میںحافظ محمد سعید نے کہاہے کہ بھارتی فوج کی طرف سے جاری قتل و غارت گری کیخلاف پوری کشمیری قوم سڑکوں پر ہے۔ تاریخی ہڑتالوں اور احتجاج نے ثابت کیا ہے کہ کشمیر میں بسنے والے کوئی فرد بھی دہشت گرد بھارت کا غاصبانہ قبضہ قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔ کشمیری عوام پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے اپنے سینوں پر گولیاں کھا رہے ہیں تو ہمیں بھی آج پاکستان میں وہی ماحول پیدا کرنا ہے جو کشمیر میں ہے۔ ہم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو کسی طور تنہا نہیں چھوڑیں گے۔انہوںنے کہاکہ کشمیر میں جاری قتل و غارت گری پر پاکستانی قوم کے بھی وہی جذبات ہیں جو کشمیریوں کے ہیں۔بانی پاکستان محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔کشمیر یوں سے ہمارا رشتہ کلمہ طیبہ اور ایمان کا ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ اسرائیل سے درآمد کردہ کیمیائی ہتھیار استعمال کر کے بدترین دہشت گردی کا ارتکاب کیاجارہا ہے۔ حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ سفارتی سطح پر بھارتی ظلم و دہشت گردی کو بے نقاب کرنے کیلئے بھرپور مہم چلائے۔