قومی و صوبائی اسمبلیوں میں خصوصی افراد کیلئے مخصوص نشستیں ہونی چاہئیں: حمزہ شہباز
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کیلئے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں مخصوص نشستیں ہونی چاہئیں تاکہ وہ خود اپنے مسائل ایوانوں میں اجاگر کرسکیں اور انشاء اللہ مسلم لیگ (ن) کو دوبارہ اقتدار ملا تو معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لئے اسمبلیوں میں کوٹے کے علاوہ دیگر اقدامات بھی اٹھائیں گے۔ گزشتہ روز ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ میں مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دینے والے مخصوص افراد کے وفد سے گفتگو کرتے حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستانی یوتھ جسمانی معذوری کے باوجود غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے اور ضرورت اسی امر کی ہے کہ معاشرے میں اس بارے میں مزید شعور بیدار کیا جائے تاکہ انہیں کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ نوجوان طبقہ ہی ملک و قومکا بہترین مستقبل ہے اور اسے ملک کے سافٹ امیج کی ترویج کیلئے کاوشیں کرتے رہنا چاہئے۔ انسانیت کی خدمت ہی سب سے بہترین سرگرمی ہے جس سے ہم دنیا و آخری دونوں کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ حکومت نے اربوں روپے کے ترقیاتی کام کئے ہیں اور اتنی ہی بچت بھی ہے، لوگ چہرے نہیں کام یاد رکھتے ہیں اور ہمیں اقتدار کی بجائے ملک کی ترقی کی باری کی فکر کرنی چاہئے۔ انہوں نے خصوصی افراد کی تجاویز غور سے سنیں اور ان سے فرداً فرداً بات چیت میں یقین دلایا کہ مسلم لیگ ن دوبارہ اقتدار میں آکر خصوصی افراد کی ملازمت، کاروبار اور ان کو عوامی مقامات تک دسترس سمیت تمام مسائل حل کریگی۔ خصوصی افراد نے اپنی گفتگو میں حمزہ شہباز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں معذور افراد کی تعداد 14 فیصد کے حساب سے ڈیڑھ کروڑ کے نزدیک ہیں جن کو مناسب سہولتیں حاصل نہیں ہیں۔ انہوں نے سپیڈو بس، پبلک مقامات، تعلیمی اداروں اور نوکریوں کی جگہوں پر مخصوص افراد کیلئے مزید سہولتوں کی نشاندہی کی۔