شریف خاندان کیخلاف سٹیل ملز ریفرنس کی سماعت آج ہوگی، واجد ضیاء بیان ریکارڈ کرائینگے
اسلام آباد (نامہ نگار) اسلام آبادکی احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف نیب کی جانب سے دائر العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی سماعت آج ہوگی، پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے واجد ضیا اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے جبکہ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث ان پر جرح کریں گے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ریفرنس کی سماعت کریں گے۔ منگل کو سماعت کے دوران ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے ملزمان کے خلاف شہادتیں مکمل ہونے سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا اور ملزمان کے بیان ریکارڈ کرنے کی تاریخ مقرر کرنے کی استدعا کی تھی جبکہ فاضل جج محمد بشیر نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ ایڈیشنل ڈائریکٹرایف آئی اے واجد ضیا کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے 10مئی کو طلب کر لیا تھا۔