متاثرین بھاشا‘ داسو ڈیم کی بحالی ‘علاقے کی ترقی حکومت کی ترجیحات: امیر مقام

Mar 10, 2025

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی قیادت میں خصوصی کمیٹی نے چلاس، گلگت بلتستان کا دورہ کیا۔وفد میں وفاقی وزیر آبی وسائل معین وٹو، چیئرمین واپڈا جنرل (ر) سجاد غنی، وفاقی سیکرٹری ظفر حسن، جبکہ گلگت بلتستان سے وزیر اعلی گلگت بلتستان گلبر خان، چیف سیکرٹری ابرار احمد، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔دورے کے دوران وفد نے متاثرین بھاشا ڈیم کے جرگے سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ موجودہ حکومت متاثرین بھاشا ڈیم اور داسو ڈیم کی بحالی اور علاقے کی ترقی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔انہوں نے متاثرین کو یقین دلایا کہ چولہا پیکیج، آبادکاری پروگرام، صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے چلاس میں دانش سکول کے قیام کے لیے وزیراعظم سے خصوصی سفارش کا وعدہ بھی کیا۔واپڈا کی جانب سے متاثرین کے لیے واپڈا کالج میں سیشن ڈبل کرنے اور میڈیکل و انجینئرنگ طلباء کی فیسوں کے حوالے سے بھی اعلان کیا گیا۔وفاقی وزیر نے واپڈا حکام کو ہدایت کی کہ CBM کے تحت بننے والے 23  سکولز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ زمین کے معاوضے کی ادائیگی بھی یقینی بنائی جائے۔ جرگے میں متاثرین نے اپنے مسائل پیش کیے، جن کے حل کے لیے تکنیکی کمیٹی کو فوری ہدایات جاری کی گئیں کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور کمشنر دیامر ان مسائل پر سفارشات مرتب کر کے مرکزی حکومت کو بھجوائیں۔

مزیدخبریں