لاہور(سپورٹس رپورٹر )لندن کا تاریخی لارڈز کرکٹ گرائونڈ رمضان المبارک کے دورن تالیوں اور سیٹیوں کی بجائے اذان سے گونج اٹھا ۔ لارڈز کرکٹ گراونڈ میں اوپن افطار میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی جبکہ افطار میں مسلم کمیونٹی کے علاوہ مقامی غیر مسلم افراد کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔افطار سے قبل شرکا کو دین اسلام کی حقانیت اور روزے کی اہمیت سے متعلق آگاہ کیا گیا جبکہ اذان مغرب پر غیرمسلموں نے بھی کھجور سے افطار کیا۔شرکاء کا کہنا تھا کہ ونزر کاسل میں افطار کی اجازت دینے پر بادشاہ چارلس کے انتہائی شکر گزار ہیں، برطانیہ کی کثیر الثقافت معاشرہ قابل فخر ہے اور ہم اپنی کاوش کے ذریعے لوگوں کے دل جیتنے کی کوشش کررہے ہیں۔انگلینڈ کی ٹیم کے کھلاڑی ثاقب محمود نے بھی افطار میں شرکت کی جبکہ اوپن افطار میں شرکت کرنے والوں نے مل کر افطار کرنے کے تجربہ کو شاندار قرار دیا۔اس موقع پر شرکا نے کہا کہ افطار میں شرکت سے مختلف مذاہب کے ماننے والوں کی غلط فہمیاں دور ہوں گی۔
برطانیہ کا تاریخی لارڈز کرکٹ گرائونڈ اذان سے گونج اٹھا
Mar 10, 2025