اوپن یونیورسٹی کمپریٹو ایجوکیشن سوسائٹی آف ایشیا کانفرنس کی میزبانی کریگی 

Mar 10, 2025

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ )علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی رواں سال کمپریٹو ایجوکیشن سوسائٹی آف ایشیا (CESA) کی 14ویں دو سالہ کانفرنس کی میزبانی کرے گی جو تعلیمی مکالمے کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کے لیے یونیورسٹی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔400سے زائد شرکا میں 200 بین الاقوامی اسکالرز اور محققین شامل ہوں گے جو ایشیا، یورپ اور امریکہ سے تشریف لائیں گے۔یہ متنوع اجتماع شرکا کو معنی خیز مکالمے میں مشغول ہونے، تحقیقی نتائج شیئر کرنے اور کمپریٹو ایجوکیشن کے شعبے میں اشتراکی اقدامات کو آگے بڑھانے کا ایک منفرد موقع فراہم کرے گا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصرمحمود کی بصیرت افروز قیادت میں، یونیورسٹی گزشتہ دو سالوں سے علمی اور تحقیقی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ سی ای ایس اے کانفرنس کی میزبانی یونیورسٹی کی عالمی تعلیمی شراکت داریوں کو فروغ دینے اور کمپریٹو ایجوکیشن اسٹڈیز کو تقویت دینے کے عزم کا مظہر ہے۔کانفرنس کورآرڈینیٹر، ڈاکٹر زاہد مجید کے مطابق یہ کانفرنس اسی سال 23سے 25نومبر تک منعقد ہوگی جس کی تیاریاں ہم نے شروع کردی ہیں۔اس کانفرنس میں کلیدی خطابات، پینل مباحثے، اور تحقیقی مقالوں کی پیشکش شامل ہوگی، جو تعلیم کے عصری چیلنجز اور جدتوں پر روشنی ڈالے گی۔ شرکا کو تعلیمی پالیسی اصلاحات، بین الثقافتی مطالعات، اور تعلیم میں ٹیکنالوجی کے انضمام جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع ملے گا۔یونیورسٹی  تمام اسکالرز، ماہرینِ تعلیم، اور پالیسی سازوں کو اس تاریخی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیتی ہے۔ رجسٹریشن، مقالے جمع کرانے، اور کانفرنس کے مکمل پروگرام کی تفصیلات جلد ہی یونیورسٹی کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی۔یہ کانفرنس نہ صرف یونیورسٹی کے لیے ایک سنگ میل ہے بلکہ پاکستان کو عالمی تعلیمی منظرنامے میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر متعارف کرانے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔

مزیدخبریں