اسلام آباد (خبر نگار) پارلیمنٹ ہاؤس ’’ ایک زرداری سب پر بھاری ‘‘کے نعروںسے گونج اٹھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری دوسری مرتبہ بھاری اکثریت سے صدر مملکت خداداد پاکستان منتخب ہونے والی پہلی شخصیت بن گئے۔ صدر تقرری کے بعد قومی اسمبلی کی نشست خالی ہو جائے گی۔ سنی اتحاد کونسل کے ارکان حکومتی اتحاد پر جملے بھی کستے رہے اور نعرے بازی بھی کی جاتی رہی جبکہ حکومتی اتحاد کی جانب سے اپوزیشن کے نعروں کا بھرپور جواب دیا جاتا رہا۔ ایک موقع پر پی ٹی آئی کی سینیٹر فلک ناز نے یا اللہ یا رسول، عمران خان بے قصور کے نعرے لگوانے شروع کیے تو حکومتی اتحاد کے ارکان بھی کھڑے ہوگئے اور جب پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے یا اللہ یا رسول ، عمران خان بے قصور کا نعرہ لگایا جاتا تو حکومتی اتحاد کے ارکان اس کے جواب میں بے نظیر ، بے قصور کا جواب دیتے تو عمران خان بے قصور ان کی آواز میں دب جاتا اور بے نظیر بے قصور گورنج اٹھتا۔ حکومتی بنچوں سے شگفتہ جمانی نے ان نعروں کے دوران اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ سے تو چوری کی ہے کم از کم ہمارے نعرے تو چوری نہ کریں۔
پارلیمنٹ میں’’ زرداری سب پہ بھاری‘‘ کے نعرے
Mar 10, 2024