مسلم لیگ(ن)کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ کرپشن کا الزام لگانے سے قوم کا پیٹ نہیں بھرے گا لہذا پاکستان کا سوچیں،خدشہ ہے کہ بھارت کے الیکشن کے قریب کوئی اور مس ایڈوینچرنہ ہو جائے۔ لاہور کے جامعہ نعیمیہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی جارحیت کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں اور اس کا جنگی جنون تھما نہیں ، فکر ہے کہ ہندوستان کے الیکشن قریب آرہے ہیں خدانخواستہ کوئی اور مس ایڈونچر نہ ہو، ہندوستان نے دراندازی کی اس کا بس نہیں چلتا اس لئے کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے جب کہ ہندوستان کی جارحیت پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اتحاد کا مظاہرہ کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن کا الزام لگانے سے قوم کے زخم نہیں بھریں گے لہذا پاکستان کا سوچیں، مشترکہ معاشی ایجنڈے پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہئے، تمام سیاسی جماعتوں کو پاکستان کی معاشی ترقی کا ایجنڈا پارلیمینٹ میں طے کرنا چاہئے، ہمیں مل کر پاکستان کی ترجیحات کو طے کرنا ہو گا، اللہ ہمیں توفیق دے کہ ہم سیاسی کھلنڈرے پن سے نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ آج مانگے تانگے کے ڈالروں پر انحصار کیا جا رہا ہے لیکن مانگے تانگے سے گھر نہیں چلتا توملک کیسے چلے گا، ہم نے انتخابی نتائج کو دل پر پتھر رکھ کر قبول کئے، عمران خان کو دعوت دی کہ آئو مل بیٹھیں لیکن ہمیں چور ڈاکو کہا گیا ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک گیم چینجر ہے ، اب کہا جا رہا ہے کہ ہم سی پیک کا دوبارہ جائزہ لیں گے، ایسی باتوں سے چین میں بدگمانی پیدا ہوئی، ہمیں سوچ سمجھ کر بیانات دینے چاہئے، پہچان ہونی چاہئے کہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کون کھڑا ہے ، قوم بعد میں احتساب کرے گی،ضمیر کی پکڑ بہت خطرناک ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا فرقہ واریت کے خاتمے کی ذمہ داری صرف علما کی نہیں ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، ہمیں دین کے نام پر گروہوں میں تقسیم کر دیا گیا، قوم فرقہ واریت کے کینسر کا سامنا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آگے نکلنے کی دوڑ میں اخلاقیات کو پیچھے چھوڑ دیا جاتا ہے، زبان کسی کا دل توڑ بھی سکتی ہے اور جوڑ بھی سکتی ہے، آزادی کی نعمت کا پوچھنا ہے تومقبوضہ کشمیر کی مائوں سے پوچھو۔انہوں نے کہا کہ کوئی سیاسی بات نہیں کرنا چاہتا لیکن کچھ سوال چھوڑے جاتا ہوں۔ ڈیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ دعا ہے کہ دیامیربھاشا ڈیم ہماری زندگی میں بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹونے ایٹمی پروگرام شروع کیا اورنوازشریف نے ایٹمی قوت بنایا،ہمیں اپنے محسنوں کوبھولنا نہیں چاہیے،محسنوں کی بھولنے والی قومیں ترقی نہیں کرتیں۔انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بڑے بڑے دعوے نہ کریں،وعدہ وفا نہ ہوتوقوم کا دل ٹوٹتا ہے، دوسروں کی ٹانگیں کھینچنے سے پاکستان مستحکم نہیں ہوگا اور اگر دیر ہوگئی توپاکستان قوم کسی کومعاف نہیں کرے گی لیکن اس کے باوجود دیر ہورہی ہے.
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38