فلوریڈا: 81 سال قبل غائب ہونے والی خاتون پائلٹ کا سراغ مل گیا
فلوریڈا (این این آئی)ایک سائنسی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 1940ء میں پیسیفک آئی لینڈ سے ملنے والی ہڈیاں ممکنہ طور پر مشہور خاتون پائلٹ ایمیلیا ائرہارٹ کی ہیں۔ ایئر ہارٹ، ان کا جہاز اور ان کا نیویگیٹر 1937ء میں بحرالکاہل پر سے پرواز کرتے ہوئے غائب ہو گئے تھے۔ ایمیلیا ایئرہارٹ پہلی خاتون پائلٹ تھیں جنھوں نے بحر اوقیانوس پر سے پرواز کی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ایمیلیا جب اپنے جہاز اور نیویگیٹر کے ہمراہ پرواز کے دوران غائب ہوئی تھیں تو وہ اس وقت نکومورورو جزیرے کے قریب تھیں۔ وہ جہاز پر دنیا کا چکر لگانے کی کوشش کر رہی تھیں۔ایک برطانوی مہم جو ٹیم جو ایک جزیرے پر 1940ء میں آبادی کے آثار ڈھونڈ رہی تھی کہ انہیں ایک انسانی کھوپڑی، خاتون کا جوتا، بحریہ کا ایک آلہ اور شراب کی بوتل ملی۔کہا جاتا ہے کہ جزیرے سے ملنے والا بحری آلہ ایمیلیا کے نیویگیٹر فریڈ نونن حریہ استعمال کیا کرتے تھے۔ اس کے علاوہ جزیرے سے ملنے والی شراب کی بوتل بینیڈیکٹین کی تھی جو ایمیلیا کو بہت پسند تھی اور وہ اپنے ساتھ رکھا کرتی تھیں۔ پروفیسر ڈاکٹر جینز نے تحقیق میں کہا ہے کہ ممکنہ طور پر جزیرے سے ملنے والی ہڈیاں ایمیلیا کی ہیں۔جزیرے سے مہم جو ٹیم کو کْل 13 ہڈیاں ملی تھیں جن کو فیجی میں ڈاکٹر ڈی ڈبلیو ہوڈلیس کو تجزئیے کے لئے بھیجا گیا۔ ڈاکٹر ہوڈلیس نے اس وقت کہا تھا کہ یہ ہڈیاں کسی مرد کی ہیں۔تاہم ڈاکٹر جینز کا کہنا ہے کہ ہڈیوں کا مطالعہ کرنے کی سائنس اس وقت ابتدائی مراحل میں تھی اور ہو سکتا ہے کہ ڈاکٹر ہوڈلیس غلط نتیجے پر پہنچے ہوں۔ہڈیوں کی فرانزک 20 ویں صدی کے آغاز میں مکمل نہیں ہوئی تھی۔